نئی دہلی، 9 /نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راہل گاندھی نے 500اور 1000روپے کے نوٹوں کے چلن کو بند کئے جانے کو لے کر آج وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھا اور اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ آخر 2000روپے کا ایک نیا نوٹ لانے سے بلیک منی کی جمع خوری کس طرح مشکل ہو جائے گی؟۔ کانگریس نائب صدر نے طنزیہ انداز میں کہاکہ بہت اچھے کیا، شریمان مودی۔راہل نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ جن حقیقی مجرموں نے بلیک منی کو چھپا رکھا ہے، وہ اسے دباکر بیٹھے ہیں، جبکہ کسانوں، چھوٹے تاجروں اور خاتون خانہ کی زندگیوں کو بھاری مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔راہل نے کہاکہ شریمان مودی نے ایک بار پھر دکھا دیا کہ وہ اس ملک کے عام لوگوں کی کتنی کم فکر کرتے ہیں۔کسانوں، چھوٹے دکانداروں، خواتین،سب کو بھاری مشکل میں ڈال دیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ حقیقی مجرم بیرون ملک چھپائے گئے یا ریئل اسٹیٹ میں لگائے گئے اپنے کالے دھن کو دبائے بیٹھے ہیں، بہت اچھا کیا،شریمان مودی۔راہل نے سماجی رابطہ کی سائٹ ٹوئٹر پرلکھا کہ وزیر اعظم کے لیے ایک سوال۔1000روپے کے نوٹوں کو 2000روپے کے نوٹوں سے بدل دینے پر بلیک منی کی جمع خوری انتہائی مشکل کس طرح ہونے والی ہے؟۔’ہیش ٹیک مودی لا جک‘۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل رات یہ اعلان کیا تھا کہ کالے دھن اوربدعنوانی کے خلاف جنگ کے لیے 500 اور 1000روپے کے نوٹ اب بند ہوں گے۔